ملتان(سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے خصوصی شرکت کی جبکہ سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر‘ ڈپٹی سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کاشف بشیر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،انجنئیر مشتاق میر،رانا تجمل حسین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ سے 10 لاکھ کاشتکار فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ 14 ہزار سے زائد کسانوں نے گرین ٹریکٹر فیز4 کیلئے درخواستیں دیں۔ 10 ہزار ٹریکٹرز شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 7 لاکھ 50 ہزار روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر دئیے جائیں گے۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے تحت زمین حاصل کرنیوالوں کو فنی راہنمائی اور مالی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ 1500 نوجوان زرعی گریجویٹس کی حتمی سلیکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ نئے زرعی گریجویٹس 16 ستمبر سے عملی فیلڈ سرگرمیوں کا آغاز کرینگے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے ذریعے صوبہ میں جدید مشینری کو فروغ مل رہا ہے۔