ملتان(سٹاف رپورٹر) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے طبی خریداری منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور بدعنوانی کے تدارک کے لیےاینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ پنجاب کے سینئر افسر کو آبزرور مقرر کرنے کی درخواست کی ہے، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے پروکیورمنٹ ونگ کی جانب سے اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کو ارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے سرکاری خریداری میں شفافیت، میرٹ، دیانت داری اور بدعنوانی کے لیے زیرو ٹالرنس کو خصوصی ترجیح دی ہے، محکمہ اس وقت متعدد بڑے خریداری اقدامات پر کام کررہا ہے جن میں ٹرشری کیئر اسپتالوں کے لیے سرجیکل آلات کی خریداری کا مرکزی فریم ورک کنٹریکٹ جب کہ صوبہ بھر میں ادویات، طبی آلات، سازوسامان، سرجیکل سپلائز ز اور ہسپتال کے استعمال کی اشیاکی خریداری شامل ہے، خط میں کہا گیا کہ ان خریداریوں کے حجم، مالی اہمیت اور صوبہ بھر میں مرتب ہونے والے اثرات کے پیش نظر خریداری کے عمل میں اضافی احتیاطی ادارہ جاتی نگرانی ضروری ہے تاکہ تمام مراحل شفاف، مسابقتی اور غیرجانبدار رہیں اور متعلقہ قوانین، قواعد، پی پی آر اے فریم ورک اور منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں، اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ پنجاب سے درخواست کی گئی ہے کہ بی ایس 18 سے کم رینک نہ رکھنے والے کسی سینئر افسر کو مذکورہ خریداری کے عمل کے لیے آبزرور کے طور پر نامزد کیا جائے جب کہ ضرورت کے مطابق محکمہ کے دیگر بڑے خریداری اقدامات میں بھی آبزرور مقرر کیا جاسکے۔