لاہور(نمائندہ خصوصی) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کی بات کرنے والے ملک کی موجودہ صورتحال کو سمجھیں، آج ملک میں آگ لگی ہوئی ہے اور صوبوں کو تقسیم کرکے ملک لسانی علاقائی نفرت کے بیج نہ بوئے جائیں ، قادیانیت کو مسلمانوں کی فہرست سے نکال کر غیر مسلم قرار دینا معمولی معرکہ نہیں تھا، یہ ہمارے اکابر کی قربانیوں اور طویل جدوجہد کا نتیجہ تھا۔ناموس رسالت کی حفاظت میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔مولانا فضل الرحمٰن و دیگر علمائے کرام نے ان خیالات کا اظہار وحدت روڈ کرکٹ گراؤنڈ لاہور میں منعقدہ عظیم الشان تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 ستمبر 1974ء کو قادیانیت کو مسلمانوں کی فہرست سے نکال کر غیر مسلم قرار دینا معمولی معرکہ نہیں تھا، یہ ہمارے اکابر کی قربانیوں اور طویل جدوجہد کا نتیجہ تھا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم 6 ستمبر کو یومِ دفاع اور 7 ستمبر کو یومِ فتح مناتے ہیں۔ 6 ستمبر کا تاریخی دن پاکستان کی جغرافیائی حدود کے تحفظ کی علامت ہے، جبکہ 7 ستمبر نظریاتی حدود کے تحفظ کا دن ہے، ہمیں ان دونوں اہم پہلوؤں کو ہمیشہ ملحوظ رکھنا ہوگا۔