کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ امارات نے 7 اکتوبر حملے سے 10 روز قبل نیتن یاہو کو خبردار کردیا تھا، اسرائیلی وزیر اعظم نے اماراتی انتباہ کو نظرانداز کردیا، تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے آفس سے جاری تردیدی بیان میں کہا گیا ہے کہ وارننگ معلوم ہوتی تو مختلف فیصلے کئے جا سکتے تھے۔ مصری انٹیلی جنس سربراہ نے بھی کارروائی کی وارننگ دی تھی۔ نیتن یاہو دفتر نے انتباہ ملنے کی تردید کرتے ہوئے رپورٹ کو مکمل جھوٹ کہا،جبکہ سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے انتباہات ملنے کی تصدیق کردی۔اسرائیلی اخبار ہاآرتس کی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے تقریباً 10 روز قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو حماس کی جانب سے بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی سے خبردار کیا تھا۔