• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی معیار کے مطابق معیاری چاول کی پیداوار وقت کی اہم ضرورت ہے، مقررین

ملتان (سٹاف رپورٹر) محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے چاول میں کیڑے مار زہروں کے بقایا اثرات کی حد (ایم آر ایل) اور افلا ٹاکسن کے تدارک کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں زرعی ماہرین، اساتذہ، محققین اور متعلقہ شعبوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد چاول کی فصل میں کیڑے مار زہروں کے بقایا اثرات اور افلا ٹاکسن کی روک تھام، نگرانی اور مؤثر انتظام کے لیے عملی حکمتِ عملی مرتب کرنا تھا تاکہ چاول کا معیار بہتر بنایا جا سکے، انسانی صحت کا تحفظ یقینی ہو اور ملکی چاول کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ چاول پاکستان کی اہم نقد آور اور برآمدی فصل ہے، اس لیے عالمی معیار کے مطابق محفوظ اور معیاری چاول کی پیداوار وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی چاول کی مسابقت برقرار رکھنے کے لیے کیڑے مار زہروں کے بقایا اثرات کو مقررہ حدود میں رکھنے، افلا ٹاکسن کی روک تھام اور جدید سائنسی و زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں میں جدید زرعی طریقوں، محفوظ زرعی ادویات کے استعمال اور فصل کے بعد مناسب ذخیرہ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے تاکہ پاکستانی چاول کا معیار عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کیڑے مار زہروں کے متوازن اور محفوظ استعمال، معیاری زرعی ادویات کی فراہمی اور فصلوں میں ان کے بقایا اثرات کو مقررہ حدود میں رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ کاشتکاروں کو زرعی ادویات کے درست استعمال، مقررہ مقدار اور فصل برداشت کرنے سے قبل ضروری وقفے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
ملتان سے مزید