لندن/اسلام آباد(خالد مصطفیٰ )برینٹ خام تیل کی قیمت 107ڈالر فی بیرل تک پہنچنے سے عالمی منڈیوں میں مہنگائی اور معاشی سست روی کے خدشات بڑھ گئے، امریکا، یورپ، بھارت اور پاکستان سمیت بڑی معیشتیں توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے دباؤ میں آگئیں جسسے عالمی سطح پر مہنگائی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ٹینکرز کے کرایوں، انشورنس اور توانائی کی عالمی ترسیل کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مرکزی بینک شرح سود بلند رکھنے پر مجبور ہونا پڑ سکتے ہیں، اسٹاک مارکیٹوں اور معاشی نمو پر بھی دباؤ بڑھے گا۔برینٹ خام تیل کی قیمت جمعرات کو بڑھ کر 107.31ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی 101 ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خام تیل کی رسد و ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تیزی پیدا کردی۔