کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری پارکنگ مافیا سے تنگ آچکے ہیں، شہر میں مختلف مقامات پر پارکنگ کے نام پر شہریوں سے من مانے پیسے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اس رقم کے سرکاری خزانے میں جمع ہونے کا بھی کوئی واضح نظام موجود نہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں کی شکایات اور مطالبے پر پارکنگ کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور شہر میں ڈیجیٹل و مکینیکل پارکنگ لاٹس کے قیام کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،ڈیجیٹل پارکنگ کے نظام سے شہریوں کو معلوم ہوگا کہ انہوں نے کتنے گھنٹوں کے لیے کتنی رقم ادا کی ہے جبکہ کے ایم سی کو بھی ہر پارکنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ہائپر اسٹار بیچ ویو پارکنگ کلفٹن میں اسمارٹ پارکنگ سسٹم کا افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میئر نے کہا کہ10ڈیجیٹل پارکنگ لاٹس میں سے پہلے پارکنگ لاٹ کا آغاز آج کلفٹن میں ڈولمن مال کے قریب کردیا گیا ہے، جہاں گاڑی پارک کرنے کے لیے آنے والے شہری باقاعدہ نظام کے تحت پارکنگ میں داخل ہوں گے اور انہیں ڈیجیٹل سلپ فراہم کی جائے گی اور واپسی پر جتنے وقت کے لیے گاڑی پارک کی گئی ہوگی اسی حساب سے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔