کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے صوبے میں متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام بلدیاتی اداروں، واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچانے کے لیے نکاسی آب، برساتی نالوں کی صفائی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کا عملہ اپنی حاضری فوری طور پر یقینی بنائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران افسران اور عملے کی غیر حاضری کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، جبکہ متعلقہ ادارے اپنے اپنے علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں۔