اسلام آباد (رانا غلام قادر) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی مشقوں میں بھارتی اشتعال انگیزی دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے ، پاکستان نے بدھ کو اپنے مخصوص اقتصادی زون (EEZ) میں بھارتی بحریہ کے ایک جہاز کے انتہائی اشتعال انگیز اور ناقابلِ قبول اقدام پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد میں متعین بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر لیا ہے۔پاکستان نے بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خا جہ سجاد حیدر خان کے مطابق بھارتی بحری جہاز کی پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں اشتعال انگیز کارروائی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی۔بھارتی بحری جہاز کی کارروائی کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی۔تر جمان سجاد حیدر خان کے مطابق بھارتی کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تر جمان کے مطا بق پاکستان نے بھارتی کارروائی کو سختی سے مسترد کردیا۔ تر جمان نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں کی سختی سے پابندی کرے۔پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں بھی بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاجی مراسلہ دے گا۔