اسلام آباد( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے،انہوں نے عوام کیلئے سبسڈی کے آسان حصول کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوارن دی ۔ادھر وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے،ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد سکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں۔