• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین بسوں کی لائیو لوکیشن، روٹس، آمد و روانگی کا نظام وضع کیا جائے، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ ( خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ گرین بس میں سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نعمت اللہ ترین، متعلقہ آپریٹنگ کنسلٹنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آپریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو کوئٹہ گرین بس سروس کے مختلف امور، روٹس، بس اسٹاپس، آپریشنل نظام اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سفری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گرین بس اسٹاپس پر شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔بس سروس کو شہریوں کے لیے مزید آسان، قابلِ اعتماد اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جائے۔مسافروں کے لیے موبائل ایپ، بسوں کی لائیو لوکیشن، روٹس اور آمد و روانگی کے اوقات سے متعلق معلومات کی فراہمی کا مؤثر نظام وضع کیا جائے، تاکہ شہری اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں اور انہیں بس کے انتظار میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے آپریٹنگ فرم کے حکام کو ہدایت کی کہ بس روٹس، بس اسٹاپس، ٹکٹنگ و کرایہ داری کے نظام، بزنس ماڈل، منصوبے کے معاہدے اور آپریشن سے متعلق دیگر ضروری ریکارڈ آئندہ اجلاس میں مکمل طور پر پیش کیا جائے، تاکہ منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔کمشنر ذیشان لاشاری نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ گرین بس سروس میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ نعمت اللہ ترین کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ کوئٹہ گرین بس سروس کے حوالے سے مانیٹرنگ، روٹس، بس اسٹاپس اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطہ رکھیں۔
کوئٹہ سے مزید