کوئٹہ(پ ر)جمعیت کے رہنما رکن قومی اسمبلی انجینئر عثمان بادینی نے کہا ہے کہ نوشکی میں لاک ڈاؤن سے انسانی حقوق متاثر ہورہے ہیں، عوام کو مزید امتحان میں نہ ڈالا جائے۔ کاروبار تباہ اور مریض ہسپتال تک نہیں پہنچ پاتے۔ حالات کی بہتری کیلئے آل پارٹیز کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے کیا جنہوں نے انہیں نوشکی و ملحقہ علاقوں کی حالیہ صورتحال، عوام کی پریشانیوں و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔نوشکی میں شاہراہوں ،سڑکوں اوردکانوں کی بندش ،کھاد لانے پر پابندی رات کو بین الاقوامی شاہراہ کی بندش اور کلی بٹو احمد وال کلی ہارونی اور جورکین کے عوام کو بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو باعث تشویش ہے۔ انجینئر عثمان بادینی نے کہا کہ ہم کسی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس مقصد کے لئے احمدوال میں آل پارٹیز کے جلسے میں پیش کئے گئے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اورکسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوشکی کے شہریوں کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے دشواریاں پیش آرہی ہیں لہٰذا عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے۔