• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ آپریشن مکمل، شہادتیں 23 ہوگئیں، آخری 2 خودکش بمبار بھی ہلاک

اسلام آباد ،کوہاٹ ( طاہر خلیل، نامہ نگار) کوہاٹ آپریشن مکمل، شہادتوں کی تعداد 23 ہوگئی، آخری 2 خودکش بمبار بھی ہلاک ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز فجرکے بعد پاک فوج نے کارروائی کی ، حملے میں ملوث 7خوارج کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک ،مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانے کے بعد خوارج ایک عمارت میں محصور ہو گئے تھے، جہاں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ نے جی او سی کوہاٹ کی قیادت میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عمارت کو کلیئر کر دیا۔ فورسز کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی نے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔پاک فوج کے کمانڈوز، جوانوں اوربم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو کلیئر کرکے پولیس کے حوالے کردیا،کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں ملوث ایک خودکش بمبار افغان شہری نکلا،ایک خودکش بمبار کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے دہشتگرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ادھر دھماکے میں زخمی ایک اور پولیس اہلکار دم توڑ گیا ، 22پولیس اہلکار اور شہری شہید جبکہ 130 زخمی ہوئے ۔جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل شاہد عامر اصفر کے مطابق کوہاٹ کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ۔ حملے میں ملوث 7 خوارج کو کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ میجر جنرل شاہد عامر اصفر نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے،پوری قوم اپنے بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اہم خبریں سے مزید