اسلام آباد (نیوز رپورٹر، جنگ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا ہےکہ ہماری ذمہ داری ہےکوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئےگا، اسلام آباد کی سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمدورفت میں خلل سے متعلق عدالت کے واضح احکامات ہیں، انتظامیہ یقینی بنائےگی کہ کوئی خلل نہ آئے،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں اب تک 22 لاکھ لوگ اس اسکیم میں رجسٹر ہوچکے، رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل کا مالک ہونا ضروری نہیں، موٹر سائیکل کے لئےپانچ لیٹرکی شرط بھی ختم کردی ہے،وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر آپ پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں، اگر دہشت گرد بن کرآئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے،طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کےحکم پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور کوئی غیرقانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ان سےکنٹرول نہیں ہورہی، خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نےکہا کہ سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمدورفت میں خلل سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ ہمارا رابطہ ہے، وہ پُرامن اور سمجھدار لوگ ہیں،قانون سب کےلئے یکساں ہے۔ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے، اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹرڈ جبکہ تقریباً 19 لاکھ ٹوکن جاری ہو چکے ہیں، غیر قانونی طور پر سڑکیں بند کرنے اور شہریوں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی پرتشدد جتھے کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، سڑکیں کھلی رکھی جائیں گی۔ اتوار کو یہاں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان بھر میں خصوصی فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے، خطے میں کشیدگی کے باعث پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس نے دنیا کی تمام معیشتوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے جبکہ اس کا دباؤ پاکستان پر بھی آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کافی عرصہ قبل اس اسکیم کی منصوبہ بندی شروع کر دی تھی اور تمام متعلقہ محکموں اور وزارتوں کو بروقت ہدایات جاری کیں کہ ایسی اسکیم وضع کی جائے جس سے اشرافیہ، بڑی گاڑیوں کے مالکان اور ایلیٹ طبقہ نہیں بلکہ عام اور غریب آدمی فائدہ اٹھا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا اجراء کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہر سطح پر اس کی منصوبہ بندی کی خود نگرانی کی اور اسکیم کے تحت آئی ٹی کا مکمل نظام وضع کروایا۔ وزارتِ آئی ٹی نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا جبکہ رجسٹریشن کے نظام کے لیے شارٹ کوڈ کے ذریعے ایس ایم ایس سروس شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے نظام کے پیچھے ایک جامع آئی ٹی بیسڈ سسٹم موجود ہے جس کے تحت رجسٹریشن کی جاتی ہے اور اہل افراد کے لیے ٹوکن جنریٹ کیے جاتے ہیں۔