کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر اینڈوکرائینولوجسٹس اور طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موٹاپا 229 بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی اوسط عمر پانچ سے 11 سال تک کم ہوسکتی ہے، اس لیے طرز زندگی میں بروقت تبدیلی اور طبی نگرانی میں علاج ضروری ہے، ماہرین نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان میں موٹاپے، ذیابیطس اور ان سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے علاج کے لیے دنیا کی جدید ترین ادویہ نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہیں، ان خیالات کا اظہار ماہرین نے کراچی میں نجی فارما کے تحت میٹابولک ہیلتھ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس میں سندھ کے مختلف شہروں سمیت ملک کے دیگر حصوں سے 1100سے زائد ڈاکٹروں نے شرکت کی، ماہرین نے موٹاپے کو ذیابیطس، امراض قلب، گردوں کی خرابی، معذوری اور قبل از وقت اموات کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے محض ظاہری شکل یا خوبصورتی کا مسئلہ سمجھنا درست نہیں۔