• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعات کیخلاف تین تلوار پر مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں معصوم بچوں اور بچیوں کے اغوا، زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کلفٹن تین تلوار پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں فنکشنل لیگ کے کارکنان، خواتین، وکلاء، صحافیوں، متاثرہ خاندانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے مطالبہ کیا کہ روشیم خان، میر رضا علی، ولی، آئیزل اور دیگر معصوم بچوں کے کیسز پر چیف جسٹس آف پاکستان فوری سوموٹو نوٹس لیں اور متاثرہ خاندانوں کو پندرہ یوم کے اندر انصاف دلائیں، اگر پولیس اپنا کام نہیں کررہی تو چیف جسٹس آف پاکستان پولیس کو قانون کے مطابق کام کرنے پر مجبور کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تھانے کے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کو علاقے کے جرائم پیشہ عناصر کا سب علم ہوتا ہے۔انہوں نے تمام بار ایسوسی ایشنز سے اپیل کی کہ ایسے ظالموں اور قاتلوں کے مقدمات کی پیروی کرنا ترک کریں تاکہ یہ جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ سکیں۔ صدر فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن انور عظیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔جنرل سیکریٹری فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن جمشید خان نے کہا کہ کراچی کے شہری خوف کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ناگزیر ہے۔ احتجاجی مظاہرے کو فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کے رہنما ولی وارثی جنید باری اشرف قریشی غلام قادر لغاری شاہین خان ایڈووکیٹ فاروق عزیز نزیر بلوچ رضا خان اور دیگر نے خطاب کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید