• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائرمنٹ کے باوجود علی حسن شیخ ایس پی ملیر کے عہدے پر براجمان

کراچی (افضل ندیم ڈوگر )ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال پوری ہونے کے باوجود سندھ پولیس کے گریڈ 18کے افسر علی حسن شیخ ایس پی ملیر کے عہدے پر براجمان ہیں اور عدالتی چارہ جوئی کا بہانہ بنا کر ریٹائرمنٹ پر نہیں جارہے جو قانون کی سنگین ورزی ہے اور ان کے اس عرصے میں کیے گئے سرکاری امور غیر قانونی ہیں۔ اس نمائندے کے پاس موجود محکمانہ دستاویزات میں علی حسن شیخ کی تاریخ پیدائش 13 ستمبر 1966ہے۔ جن کی بنیاد پر وہ 13 ستمبر 2026 کو 60 سال کی عمر پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے مگر اتوار کی رات تک ہفتہ سے زائد گزر جانے کے باوجود وہ عہدے پر موجود تھے۔ اس نمائندے کے رابطہ کرنے پر علی حسن شیخ نے بتایا کہ سرکاری کاغذات میں ان کی عمر زیادہ یعنی 1966 درج ہے جبکہ ان کے قومی شناختی کارڈ میں عمر میں1967 درج ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے عدالتی چارہ جوئی کی ہے اور ہائی کورٹ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی سندھ کو معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق انکوائری کا حکم الگ معاملہ ہوتا ہے جبکہ عدالتی حکم میں عہدے کے چارج نہ چھوڑنے کا کوئی ذکر نہیں اور کوئی حکم امتناع بھی جاری نہیں کیا گیا، اس بنا پر عہدہ نہ چھوڑنا غیر قانونی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ازاد خان سے جمعہ کو فون پر رابطہ ہوا تو انہوں نے علی حسن شیخ کے ریٹائرمنٹ کے باوجود عہدے پر براجمان ہونے پر لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ریٹائرمنٹ ہوگئی تو افسر کو چارج چھوڑنا ہوگا۔ واضح رہے کہ ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے پر عمر کی دستاویزات میں جعلسازی پر سندھ کے کئی پولیس افسران کے خلاف کاروائی کی جا چکی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید