• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ خان کو لاہور سے گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا

اسلام آباد ( عاصم جاوید ،ایوب ناصر)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو لاہور سے گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا،اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے3ارکان پارلیمنٹ رکن قومی اسمبلی داور کنڈی، ثناء اللہ مستی خیل اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کو بھی پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار کرلیا گیا ہے،پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کی گرفتاری کو کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف قرار دیا ہے ، پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ یہ فسطائی نظام کے چہرے پر دھبہ ہے، پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین نے اپنے رد عمل میں علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتےہوئے فوری طور پر ان کی رہائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے علیمہ خان اور محمد امیر کو 3 ایم پی او کے تحت 30 روز کیلئے حراست میں رکھنے کا حکم دے دیا،دونوں افراد کو کوٹ لکھپت جیل میں نظربند کرنے کا حکم جاری کیا گیا،ڈی سی لاہور نے پولیس رپورٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر احکامات جاری کئے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو لاہور سے اس گرفتار کیا گیا جب کہ وہ اپنے ڈرائیور امیر کے ہمراہ جم خانہ جا رہی تھیں۔ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے علیمہ خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے عمران خان کو ناحق جیل میں رکھا گیا اور اب ان کے خاندان کی خواتین کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک گھریلو خاتون کو اٹھا لینا ریاستی جبر اور سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کرنے کے مترادف ہے۔ علیمہ خان کو فوری رہا کیا جائے اور سیاسی مخالفین اور ان کے خاندانوں، خصوصاً خواتین کو ریاستی جبر اور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا سلسلہ روکا جائے۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے کہا کہ حکومت گھبرا چکی ہے، آپ بہنوں کا عزم ورکرز اور قوم کو حوصلہ دیتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور آپ کی جدوجہد پاکستان میں جبر کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ہے۔ آپ سختیوں کو برداشت کرتے ہوئے آئین پاکستان اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ بہن کی گرفتاری حکومت کی گبھراہٹ کو بے نقاب کرتی ہے۔ حکومت 27 ستمبر سے ڈر گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر علی خان نے علیمہ خان کی گرفتاری تشدد اور کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ حالات کو خراب کرنے کا پہلا قدم ہے، علیمہ خان کو فوری رہا کیا جائے، ایسے اقدامات کیخلاف پارٹی اپنا لائحہ عمل جلد دے گی۔گزشتہ روز علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد ان کا کہنا تھا کہ نورین نیازی نے علیمہ خان کی گرفتاری کے بارے فون پر بتایا۔

اہم خبریں سے مزید