• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامی یونٹس، آج فیصلہ سنا دیا، ہم نکلتے ہیں تو تاریخ رقم ہوتی ہے، ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس کے معاملے پر کراچی نے آج فیصلہ سنا دیا، ہم نکلتے ہیں تو تاریخ رقم ہوتی ہے، جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئےانتظامی یونٹس ضروری ہیں، آج شہر قائد نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے یہی وہ قافلہ کراچی سے اسلام آباد جائے گا تو پاکستان کی تقدیر بدل دیگا، جب ہم نکلتے ہیں تو تاریخ رقم ہوتی ہے، اپنے مطالبات منوائے بغیر واپس گھروں کو نہیں جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام انتظامی یونٹس کی جدوجہد کے آغاز کے سلسلے میں کریم آباد سے مزار قائد تک قومی ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں خواتین، نوجوانوں، طلبہ، کارکنان، ذمہ داران اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی یونٹس سے صرف کراچی کا مستقبل نہیں بدلے گا بلکہ لاڑکانہ، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں کا مستقبل بھی بہتر ہو سکتا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد اور میرپورخاص کے عوام پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور آج کراچی نے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب ہم نکلتے ہیں تو تاریخ رقم ہوتی ہے اور اس بار بھی اپنے مطالبات منوائے بغیر واپس گھروں کو نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مارچ ہمارے کارکنان اور عوام کے عزم کا اظہار ہے کارکنان نے ثابت کر دیا کہ وہ مشکل حالات میں بھی اپنے مؤقف پر قائم رہے ہیں اور بانیانِ پاکستان کی اولادیں ہیں۔چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ملک چلانے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے ہر طرح کا جبر برداشت کیا ہے، لیکن ہماری تہذیب طاقت نہیں بلکہ ہماری طاقت ہماری تہذیب ہے۔ ہم پر مزید جبر نہ کیا جائے، ہمیں ہمارے حقوق دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسا جمہوری نظام ہو جس میں عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق اور مسائل کا حل میسر ہو ہم جاگیردارانہ سیاسی نظام نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر ہونے چاہئیں تاکہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں، ایم کیو ایم پاکستان نے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی، عدالتوں میں گئی اور عوام کا مقدمہ پیش کیا، آج انتظامی یونٹس کی جدوجہد کا آغاز ہوا ہے، اختتام نہیں۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی کے عوام نے انتظامی اختیارات اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی نے ثابت کر دیا کہ کراچی جاگ چکا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان اور عوام اپنے مطالبات کے لیے متحد ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ انتظامی یونٹس سے صرف کراچی کا مستقبل نہیں بدلے گا بلکہ لاڑکانہ، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں کا مستقبل بھی بہتر ہو سکتا ہے ہم ان شہروں میں جائیں گے اور عوام کے حقوق کا مقدمہ پیش کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید