• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ کراچی سے اسلام آباد روانہ

کراچی، سکھر، ٹنڈو آدم، شکارپور (اسٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹس، نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں پیٹرولیم لیوی، بھتہ ٹیکس اور آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کیخلاف کراچی تا اسلام آباد ”سپر ٹرین مارچ“کا کراچی کینٹ اسٹیشن سے آغاز ہوگیا۔ کراچی کینٹ اسٹیشن پر ہزاروں کی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مارچ کے شرکاء موجود تھے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ٹرین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوشتہ دیوار پڑھ لے، پیٹرولیم لیوی ختم ، عوام پر عائد اضافی بوجھ کم کیا جائے،لیوی کے خاتمہ تک احتجاج جاری رہے گا، موجودہ پورا نظام فارم 47 والا ہے، لاقانونیت و کرپشن کا بازار گرم ہے، غریب مر رہا ہے، عوام کا کوئی نہیں سوچ رہا، سپر ٹرین مارچ کے شرکاء کا سکھر،حیدرآباد، ٹنڈو آدم، شکارپور ریلوے اسٹیشن پر جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا، قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے لگائے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق مارچ کے آغاز پر کراچی میں اسٹیشن پر شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کسی پارٹی یا کسی فرد کی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کیلئے کیا جارہا ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام بدترین پریشانی کا شکار ہیں، سفید پوش طبقہ اپنی زندگی کسمپرسی میں گزارنے پر مجبور ہے، جبکہ حکومت اپنی بدانتظامی اور ناقص پالیسیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔حکومت عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔ حکمران اشرافیہ کو لگام دینے، سرکاری و اشرافیائی اخراجات کم کرنے، گاڑیوں کی تعدادکم کرنے اور آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں پر نظرثانی کرنے کے بجائے عوام پر مزید ٹیکس عائد کیے جارہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کیلئے میدان میں نکلنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں 35 روز تک دھرنا دیا، سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں دھرنے جاری ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی مارچ اور احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ ہمیں شدید گرمی میں احتجاج کرنے کا کوئی شوق نہیں، لیکن عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ضروری ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹرین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والا یہ کاروان صرف ایک سفر نہیں بلکہ عوام کے حقوق کیلئے جاری جدوجہد کا اہم مرحلہ ہے۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد روانہ ہونے والے ٹرین مارچ کا ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پر ہزاروں مرد و خواتین نے استقبال کیا۔ کارکنان نے جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کے حق میں نعرے لگائے۔امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ، ایم پی اے محمد فاروق اور دیگر صوبائی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹرین کی آمد پر قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کے انتظامات کیے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی، اضافی ٹیکسز اور مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی مہم جاری ہے۔شکار پور سے نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف شروع کئے گئے لانگ مارچ کا روہڑی ریلوے اسٹیشن پر استقبال کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالسمیع بھٹی اور امیر شہر شکارپور مولانا صدرالدین مہر کی قیادت میں سیکڑوں عہدیداران و کارکنان کا قافلہ شکارپور شہر سے روانہ ہوگیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی اور بھاری ٹیکسوں سے بڑھنے والی مہنگائی کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑ رہا ہے جوکہ باعث تشویش ہے۔

اہم خبریں سے مزید