• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگو، فورسز کی کارروائی، 8 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید، قلات میں بھی 5 دہشتگرد مارے گئے

پشاور، اسلام آباد (جنگ نیوز، نیوز رپورٹر ) ہنگو میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 8دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں2افسران اور4جوانوں سمیت 6 بہادرسپوت شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب این 25 پر دہشتگردوں کی عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی بحفاظت بازیاب کروائے۔صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش اور ہنگو میں شہید ہونے والے کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 23 سال کے کیپٹن ابوذر فاروق شہید کا تعلق گوجرانوالا سے ہے اور 22 سال کے لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق چکوال سے ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر نے اپنے دستےکی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے جام شہدات نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دیگر خوارج دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید