کراچی (نیوز ڈیسک) ایران میں شہریوں کو سیکورٹی و دیگر شعبوں میں متحرک کرنیکی بڑی مہم شروع، رضاکاروں کو تربیت و ہتھیار فراہمی کا منصوبہ، تہران میں ہزاروں افراد کی فوجی مشق، خواتین و بچے بھی شریک، ایرانی حکام کا 33 ملین افراد کے رجسٹر ہونے کا دعویٰ، 15 سال سے زائد عمر افراد کو رجسٹریشن کی اجازت ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے عوام کو بڑے پیمانے پر متحرک کرنے کی مہم شروع کردی ہے، جس کے تحت رضاکار شہریوں کو سیکیورٹی، فوجی، امدادی، سماجی اور دیگر شعبوں میں خدمات کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ جانفدا نامی مہم کے تحت تہران میں جمعہ کو ہزاروں افراد نے فوجی طرز کی مشق میں حصہ لیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم میں 33 ملین افراد رجسٹر ہوچکے ہیں۔