کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی ضلع کورنگی کےی جانب سے وحدت سندھ ریلی نکالی گئی، جس کے شرکا نے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کو مسترد کردیا۔ریلی کی قیادت کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین سید زین شاہ نے شرکاء سے کہا کہ سندھ کا بچہ بچہ نکل کر سندھ کا تحفظ کرے گا اور ہم اپنے وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ اگر سندھ کی وحدت پر وار کیا گیا تو آپ بابرلو کو بھول جائیں گے۔ ریلی مرتضیٰ چوک سے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چکرا گوٹھ پہنچی، جہاں یہ ایک بڑے جلسے میں تبدیل ہوگئی۔جلسے سےسندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو ، امیر آزاد پنہور، خادم برڑو، منیر مگسی، جمعہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ زین شاہ نے کہا کہ کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ناجائز لیوی ختم کی جائے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ سندھ کی وحدت اور پانی کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔ سندھ کے وجود کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ ملک کو وجود میں آئے 80 سال ہوچکے ہیں، کوئی یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ وہ ملک کا بانی ہے۔ سندھ اسمبلی نے اس ملک کی تشکیل کا مطالبہ کیا کہ وفاق میں اکائیوں کو خودمختاری حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اپنے دماغ سے یہ خیال نکال دیں کہ سندھ کی وحدت کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔