ملتان (سٹاف رپورٹر)نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام کاٹن ٹریولنگ سیمینار 2026ءملتان میں اختتام پذیر ہوگیا۔ سیمینار کے آخری روز وفد نے کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ،سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا، جہاں کپاس کی جاری تحقیق، اقسام کے تجربات اور فیلڈ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں سن کراپ فارم میں محققین، کپاس کے ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تکنیکی نشست منعقد ہوئی، جبکہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں نمائشی تجربات، مکینیکل چنائی، موسمی کپاس اور جلد پکنے والی کپاس کے جاری فیلڈ ٹرائلز کا معائنہ کیا گیا،زرعی یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوائس چانسلرڈاکٹر آصف علی نے معیاری بیج کی فراہمی، کپاس میں جدید زرعی طریقوں کے فروغ، بیج کے نظام میں بہتری اور غلط لیبل یا غیر معیاری بیج کی فروخت کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کپاس کی تحقیق، بیج کی ترقی اور تجارتی فروغ کیلئے سرکاری و نجی شعبے، تحقیقی اداروں اور جامعات کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر قمر شکیل اور ڈاکٹر نذر اقبال نے شرکاء کو سیمینار کے مشاہدات اور نتائج سے آگاہ کیا اور مستقبل میں باقاعدہ فیلڈ دوروں، تکنیکی روابط اور مربوط سرگرمیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا ۔