• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، کرسٹالینا ملاقات، آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے اور اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کا جائزہ

اسلام آباد( نیوزرپورٹر/رانا غلام قادر ) عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہاہے کہ اصلاحات پر مضبوط عملدرآمد سے پاکستان کو معاشی استحکام برقرار رکھنے‘اعتماد بحال کرنے اور دوبارہ عالمی مارکیٹ تک رسائی میں مدد ملی ہے۔ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےموقع پر عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے اوراصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کا جائزہ لیا‘وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا‘وزیراعظم نے مزید کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔کرسٹالینا جارجیوا نےپاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات کو آگے بڑھانے، ملکی معیشت کی مضبوطی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اہم خبریں سے مزید