پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے متنی میں نامعلوم افراد نے ریٹائرڈ صوبیدار کو اغوا کرنے کے بعد اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ریگی میں بھی نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تھانہ متنی پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ نواب گوٹھ کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں گل بت خان کونامعلوم مسلح افراد نے اغواءکے بعد قتل کیا ۔واقعہ کے بعد مدعی مشال خان ودیگر رشتہ دارگل بت کی نعش گاڑی میں تھانے لیکر آئے اور بتایاکہ بھائی گل بت کو صبح 10 بجے دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراداغوا کرکے لے گئے تھے اور بعد میں اسے قتل کردیا جس کی نعش نواب گوٹھ کے علاقے سے ملی۔پولیس کاکہناہے کہ مقتول گل بت خان کے 24سالہ بیٹے صفدر کوبھی نامعلوم افراد ساتھ لے گئے تھے جوپشاور کے کالج کا طالبعلم بتایاجاتا ہے تاہم اسے بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ مدعی نے بتایاکہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے جبکہ سی ٹی ڈی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شرو ع کردی ہے۔ادھر تھانہ ریگی پولیس کو ہدایت اللہ ولد صاحب اللہ ساکن ناصر آباد نے بتایاکہ اس کا 26سالہ بیٹا عرفان اللہ صبح کے وقت گھر سے نکلا، بعد میں لوگوں نے گھر آکر بتایاکہ عرفان اللہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ۔ وہ شیخ بابا قبرستان پہنچا تو وہاں بیٹے کی خون میں لت پت نعش پڑی تھی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔