• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کے گلی محلوں‘ بازاروں اور اہم شاہراہوں پر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ستھرا پنجاب کی جانب سے صفائی کے ٹھیکے کی منسوخی کے بعد شہر میں صفائی کا نظام شدید متاثر ہوگیا، گلی محلوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ صفائی عملہ کوڑا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے بجائے مختلف مقامات پر اسے آگ لگانے لگا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی اور آنیوالے موسم سرما میں سموگ کے خطرات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ شہریوں کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں کئی کئی روز سے کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جا رہا، جس کے باعث گلیاں اور محلے تعفن زدہ ہو رہے ہیں جبکہ تجارتی علاقوں اور سڑکوں کے کنارے بھی کچرے کے ڈھیر دکھائی دے رہے ہیں۔ صفائی کا عمل متاثر ہونے کے باعث آوارہ جانور بھی کچرے کے ڈھیروں میں منہ مارتے نظر آتے ہیں، جس سے گندگی مزید پھیل رہی ہے اور شہریوں کو صحت و صفائی کے مسائل کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں جمع ہونے والے کچرے کو اٹھانے اور مقررہ مقامات تک منتقل کرنے کے بجائے اسے موقع پر ہی آگ لگانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ کچرا جلانے سے اٹھنے والا دھواں فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جبکہ پلاسٹک اور دیگر ناقابلِ تلف مواد جلنے سے مضر صحت دھوئیں کے اخراج کے باعث شہریوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق موسم سرما میں فضائی آلودگی اور سموگ کا مسئلہ پہلے ہی شدت اختیار کرلیتا ہے‘ ایسے میں کچرے کو کھلے عام جلانے کا عمل صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر و ڈپٹی کمشنر ملتان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے نظام میں پیدا ہونے والے بحران کا فوری نوٹس لیا جائے، شہر سے کوڑے کے ڈھیر ہٹانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
ملتان سے مزید