ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں،سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ اور 2 معروف ریسٹورنٹس کی چیکنگ،35 کلو غیر معیاری خوراک تلف،قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار روپے کے جرمانے عائدکیے گئے،تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سمیع ٹاؤن، سورج کند روڈ، شیر شاہ پل، مظفرگڑھ روڈ اور بہاولپور بائی پاس پر سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ اور دو معروف ریسٹورنٹس پر انسپکشن کی۔سویٹس اینڈ کنفیکشنری یونٹ کی چیکنگ کے دوران خوراک کی تیاری میں ایکسپائر اور کھلے اجزاء کے استعمال، صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی روک تھام کے غیر مؤثر انتظامات سامنے آئے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران 35 کلوگرام غیر معیاری خوراک موقع پر تلف کر دی جبکہ یونٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔دوسری جانب دو ریسٹورنٹس کے کچن ایریاز میں صفائی کے ناقص انتظامات، صاف پانی کی فراہمی کے لیے مناسب فلٹریشن سسٹم کی عدم دستیابی اور دیگر فوڈ سیفٹی خلاف ورزیاں پائی گئیں، جس پر دونوں ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر 80 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔