پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے موسیٰ زئی سوڑیزئی میں کپڑوں کا کاروبار کرنے والی خاتون کوشدید تشددکے بعد قتل کیے جانے کاانکشاف ہو اہے جبکہ نامعلوم قاتل اس کے کانوں سے سونے کی بالیاں،چین اور رقم بھی چھین کر غائب ہوگئے ۔ مقتولہ کپڑے فروخت کرنے کیلئے گئی جس کی تشدد زدہ نعش لائی گئی۔انقلاب پولیس کے مطابق پیر کی رات سوڑیزئی اراضیات سے (ث)بی بی زوجہ سید فراز سکنہ ہشتنگری کی نعش برآمد ہوئی تھی ۔اس کے شوہر سید فراز اور دیگر ورثانے بتایاکہ مقامی سابق ناظم نے سوشل میڈیا پر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد اس کے قتل کی اطلاع دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خاتون کے ہاتھوں پر چھریوں سے وارکیے گئے جبکہ اس کے سرپر بھی چوٹیں ہیں جسے بےدردی سے تشددکانشانہ بنانے کے بعد ماراگیا۔ مقتولہ10یا 12سال سے کپڑوں کی خریدو فروخت کے کاروبار سے وابستہ تھیں اور گھر گھر کپڑے فروخت کرتی ۔وقوعہ کے روز اسے کالز موصول ہوئی تھیں جس میں اسے شادی بیاہ کی تقریب کیلئے 10جوڑے مردانہ اور 4جوڑے زنانہ کے لانے کاکہاگیا۔انہوں نے بتایاکہ مقتولہ نے کم سن بیٹے کومدرسے بھیجا اور خودپہلے کپڑے خریدنے بازار اور پھرموسیٰ زئی گئی تھی۔ورثا کاکہناہے کہ نامعلوم افراد نے اس سے سونا اور رقم بھی لیکر گئے ہیں ، شوہر رنگساز ہے جبکہ وہ اپنے غریب شوہر کےساتھ ساتھ خاندان والوں کا بھی آسرا تھی جو اس سے چھین لیا گیا ہے ۔ مقتولہ کے 4بچے ہیں۔ انہوں نے سی سی پی او واقعہ میں ملوث افراد کوبے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قتل کیس کو ٹریس کرنے کیلئے پولیس نے مقتولہ کے موبائل فون ریکارڈودیگر شواہد پر کام شروع کردیا ہے ۔