• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزار خوانی، دیرینہ دشمنی پر محکمہ تعلیم کا ملازم قتل، رہزنوں نے نوجوان کو گولی مار دی

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے ہزارخوانی میں قتل مقاتلے کی دشمنی پر محکمہ تعلیم کے جواں سالہ ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیاجبکہ پھندو میں رہزنی کی واردات کے دوران نوجوان سے 2موبائل فونز اوررقم چھیننے کے بعد گولی مارکر زخمی کردیا گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ۔ تھانہ رحمان بابا پولیس کو محمد ایوب ولد محمد خالد خان سکنہ ہزار خوانی نے رپورٹ کی کہ 26سالہ محمد ثاقب اس کا بیٹا تھا جو کہ محکمہ تعلیم سول کالونی کوہاٹ روڈ میں گورنمنٹ گرلزہائی سکول میں نائب قاصد کی حیثیت سے ڈیوٹی انجام دیتا تھا۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ صبح وہ بیٹے محمد ثاقب اور رشتہ دار صفت اللہ کے ہمراہ گھر سے ڈیوٹی کیلئے نکلے ،اس دوران محلہ حیاءخیل ہزار خوانی پہنچے تو مخالف سمت سے 125موٹرسائیکل پر سوارمسلح ملزموں نے ان کو زبردستی روکا اور اچانک ان پر فائرنگ کردی جس سے ثاقب محمد گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ وہ دونوں بال بال بچ گئے ۔ انہوں نے قتل کی دعویداری کفایت اور احتشام پر کرتے ہوئے بتایاکہ ملزموں کے ساتھ ان کی سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے ۔ادھر پھندو پولیس کوشہریار ولد حنیف الرحمان سکنہ شہزاد ٹاون نے بتایاکہ وہ اپنے چچازاد سید الرحمان ساکن سرسید کالونی کے ہمراہ شہزاد سٹریٹ سے رحمان سٹریٹ جارہے تھے جونہی حیدرٹائون پہنچے موٹرسائیکل پر سوار3 افراد نے آکرانہیں یرغمال بنالیا اوران کی جیب سے آئی فون سمیت 2موبائل فونز اورتقریبا 23ہزار روپے بھی اسلحہ کے زور پر چھین لیے۔ اس دوران کزن سید رحمان نے رہزنوں سے بچنے کیلئے دوڑلگائی جس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے وہ گولی لگنے سے زخمی جبکہ چچازاد بھائی فائرنگ سے بچ گیا۔واردات کے بعد مسلح افرادسرسید چوک کی طرف فرار ہوگئے۔پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے رہزنوں کی تلاش شرو ع کردی جبکہ تھانہ متنی پولیس کو فونڈری سے گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پشاور سے مزید