• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور ریجن کی پولیو ٹیم کے زیرِ اہتمام خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ، نوجوان ڈاکٹروں، اساتذہ اور یونیورسٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیشن کا مقصد پولیو ویکسینیشن کی اہمیت اجاگر کرنا اور اس حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیوں اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔ اس موقع پر یونیسف پشاور ریجن کے ڈاکٹر طفیل، کمیونٹی کمیونیکیشن آفیسر پشاور سٹی شہزیب اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) پشاور ریجن کے ایریا کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر احتشام نے پولیو کے پھیلاؤ، اس کے مضر اثرات اور اس کے خاتمے کے لیے جاری عالمی کوششوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔مقررین نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ آخری دو ممالک ہیں جہاں وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لئے بروقت ویکسینیشن اور عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء کو پولیو ویکسین کی نئی سوئی کے بغیر لگائی جانے والی جیٹ انجیکٹر ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ اس جدید طریقۂ ویکسینیشن کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
پشاور سے مزید