مینگورہ (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قوم کو دھوکہ دیا، عوام سے غنڈہ ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ، وزیراعظم کا ریلیف پیکیج ناکافی ہے ، وہ لیوی بھتہ ختم کریں ورنہ لاکھوں لوگ اسلام آباد کا گھیراؤ کریں گے، عوام طویل جدوجہد کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے جماعت اسلامی کے پی شمالی کے امیر عنایت اللہ خان، صوبائی جنرل سیکرٹری حلیم باچہ، امیر ضلع انجینئر ناصر علی اور سابق سپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہاں نے بھی شرکاء جلسہ سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق گلے میں پہنا ہوا ہے، یہ آئی ایم ایف کا کہہ کر غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں اور اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کرتے، آئی ایم ایف نے کبھی نہیں کہا کہ عوام سے لیوی وصول کرو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی عمل اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، تاہم جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات کے کئی ادوار میں سب کچھ واضح کردیا ہے۔ اب حکومت کو ملی ہوئی مہلت ختم ہورہی ہے ، وزیراعظم ملاقات کریں نہ کریں لیوی ختم کریں ، اگر ایسا نہ ہوا تو لوگ اسلام آباد کے لیے نکل پڑیں گے۔