کراچی (اسٹاف رپورٹر) میر رضا کیس میں پیش رفت، جوڈیشل افسر نے جائے وقوعہ گیسٹ ہاؤس کا تفصیلی دورہ کیا۔ گیسٹ ہاؤس سے لاش ملنے تک پیدل راستوں کا معائنہ اور نرسری ملازم سے فائرنگ سے متعلق سوالات کئے۔ جوڈیشل افسر عمر سیال نے مسجد خضراء کے موذن اور خادم سے پوچھاکہ 28جولائی کو مسجد کے سی سی ٹی وی 5گھنٹے کیوں بند تھے اور انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا تو عمر سیال نے کہا"آپ سچ سچ بتا دیں تو ٹھیک ہے ورنہ آپ کے نام بھی مشکوک افراد کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔" سربراہ جوڈیشل کمیشن عمر سیال نے کہا کہ تفتیشی افسر کام کر رہے ہیں، نتائج آئیں گے، اپنی سفارشات ضرور دوں گا۔تفصیلات کے مطابق میر رضا علی کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کیا جانے والا کمیشن کے جوڈیشل افسر عمر سیال نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ،گیسٹ ہاؤس ، مسجد ، واٹر کارپوریشن کی کالونی اور اطراف کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع میر رضا کی فیملی ، وکیل جبران ناصر ، کیس کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ و دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔