ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے برانڈ روڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ،اس موقع پر انہوں نے میپکو کے کنٹریکٹر کی جانب سے زیرِ زمین الیکٹریفکیشن کے کام میں تاخیر پر سخت اظہارِ ناراضگی کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے میں غیر ضروری تاخیر کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور تعمیراتی کام بھی متاثر ہورہا ہے،برانڈ روڈ پر پہلی مرتبہ زیرِ زمین الیکٹریفکیشن کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے تحت بجلی کی کیبلز زیرِ زمین بچھانے، کیبل ٹرمینیشن اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام کیا جارہا ہے۔ کمشنر نے موقع پر متعلقہ حکام اور کنٹریکٹر سے کام کی پیش رفت، افرادی قوت اور باقی ماندہ مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی،انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کا 71 فیصد سے زائد سول ورک مکمل ہوچکا ہے، تاہم زیرِ زمین بجلی کی تنصیبات سے متعلق کام مکمل نہ ہونے کے باعث باقی ماندہ سول ورک آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔ کمشنر نے کہا کہ الیکٹریفکیشن کا کام بروقت مکمل ہونا ضروری تھا تاکہ سڑک کے باقی حصے، گرین ایریاز اور دیگر کام مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جاسکیں،کمشنرنے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ زیرِ زمین کیبلز اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب سمیت تمام متعلقہ کام آئندہ چند روز میں مکمل کیا جائے،انہوں نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ کام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور کنٹریکٹر کی جانب سے افرادی قوت اور مشینری میں اضافہ کرکے کام کی رفتار تیز کرائی جائے،کمشنر نے واضح کیا کہ اگر آئندہ چند روز میں الیکٹریفکیشن کا کام مکمل نہ کیا گیا تو کنٹریکٹر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری منصوبوں میں تاخیر اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں،۔ڈی سی ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم اے ڈی جی ایم ڈی اے عطاء الرحمن اور دیگر افراد ہمراہ تھے۔