• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کے گھر اپوزیشن کا اجلاس، حکومت سے مذاکرات کی حکمت عملی پر غور

کراچی (نیوز ڈیسک)فضل الرحمان کے گھر اپوزیشن کا اجلاس،حکومت سےمذاکرات کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اگر اسلام آباد آکر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے تو رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔اپوزیشن کے وفد کی سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر، اخونزادہ حسین یوسف زئی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، جے یو آئی کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ سمیت دیگر قائدین بھی شریک تھے۔اپوزیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کا حصہ نہیں تھے لیکن ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، حکومت نے مذاکرات کی گنجائش نہیں چھوڑی، جب مذاکرات ہوں تو سیاسی لب ولہجے میں ہونے چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہم نے بھی لانگ مارچ کیے تھے یہ ایک جمہوری حق ہے ، پی ٹی آئی اگر اسلام آباد آکر احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے تو رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔ ملک کے اندر سیاسی حوالے سے میانہ روی کی طرف جانا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی سطح کی مشاورت ہونی چاہیے، ہمیں اپنے علاقوں کی صورتحال کا بخوبی علم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئین اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سب محب وطن ہیں۔ تجویز آئی ہے کہ ایک آل پارٹیز کانفرنس کرلی جائے، ہم اپنی اپنی پارٹیوں سے مشاورت کے ساتھ ایک مشترکہ ایجنڈے کے تحت کانفرنس کریں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا حزب اختلاف کے خلاف رویہ ہمارے مدنظر ہے۔حکومتی رویہ کے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید