کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے علاج کے لئے ماہر ترین ڈاکٹر کو بلایا گیا تھا۔ عمران خان کے بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی، سب کنٹرول میں ہے۔ رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر ڈوگر نے کہا کہ وزیراعظم سے مذاکرات مثبت پیش رفت، ایک اور نشست ہوتی تو نتیجہ نکل سکتا تھا۔دونوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کر رہے تھے۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہاکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی سربراہی میں لانگ مارچ جاری ہے۔ وزیراعظم اور صدر کی ملاقات ہوئی ہے اور آج فضل الرحمن کی پی ٹی آئی کی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔ سلمان اکرم راجا نے کہا تھا کہ مذاکرات کے دوران ہمیں بتایا گیا کہ عمران خان کا بلڈپریشر ٹھیک نہیں ہو رہا تھا پھر لندن سے ایک ماہر ڈاکٹر بلایا گیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا یہ افواہیں ہیں کسی نے بھی اگر بتایا ہے تو غلط بتایا ہے عمران خان کا کوئی صحت کا مسئلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے اس بات کی نفی کردی کہا کہ بلایا تھا ۔ نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار کی خبر کے مطابق عمران خان کے علاج کے لئے لندن سے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا۔