کراچی( ثاقب صغیر)اے این ایف کا کیچ (بلوچستان) میں خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ،بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 56کروڑ روپے مالیت کی 3825 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران بلوچستان کے علاقے ضلع کیچ کے علاقے جُوسک میں ایک کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ مقام پر موجود کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کی غرض سے عارضی طور پر ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 8کلوگرام ہیروئن شامل ہے جس کی مجموعی مالیت 56کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھی جو محفوظ اشارہ ملنے پر سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔منشیات قبضے میں لے کر اس سے منسلک اسمگلنگ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائی ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس مخصوص جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کی سرزمین اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے بطور راہداری استعمال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔