پشاور(جنگ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان کی خصوصی ہدایات پربچوں کے جنسی استحصال اور بدسلوکی کے خلاف صوبہ بھر میں آگاہی و شعور اجاگر کرنے کی مہم کا آغاز خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف پشاور کے کانفرنس ہال میں ہوا- جس میں سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شریف حسین بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف چائلڈ پروٹیکشن آفیسر اعجاز محمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر زمونگ کورپشاورنورزلی خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن زمونگ کور سید عمر علی شاہ اور مذہبی سکالرمولانا غلام اللہ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود اور دیگر مقررین نے کہا کہ بچوں کو جنسی بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات کو بچوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔