پشاور(جنگ نیوز)صارف عدالت پشاور نے شہری کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ سے غیر قانونی ٹرانزیکشن کے خلاف دائر درخواست پر تحریری یکطرفہ فیصلہ جاری کرتے ہوئے صارف کورقم کی مکمل ادائیگی کرنے کاحکم دیا ہے۔ کنزیومرعدالت نے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کو 25 ہزار روپے بطور ہرجانہ مدعی کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔تفصیلات کے مطابق دسویں جماعت کے طالب علم فہد الرحمان نے کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے بتایا کہ وہ 14 فروری کو گھریلو ضرورت کے لیے 50 ہزار روپے نکلوانے گیا تو اس کے اکاؤنٹ میں صرف 11 ہزار روپے موجود تھے۔درخواست گزار کے مطابق اکاؤنٹ ہسٹری چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 3 الگ الگ غیر قانونی ٹرانزیکشنز ہوئی تھیں۔