پشاور (لیڈی رپورٹر )پشاور میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور کئی مقامات تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ بارش کے باعث شہر کےنشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ یونیورسٹی روڈ، اسمبلی چوک اور دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض علاقوں میں گلیاں بھی پانی سے بھر گئیں اور کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔پوش علاقے حیات آباد میں بھی بارش کے بعد مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے باعث معمول کی آمدورفت متاثر ہوئی۔جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا پشاور میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم نسبتاً ٹھنڈا اور خوشگوار ہوگیا۔ جبکہ خیبر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی رپورٹ ہوئی ہے۔