پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے ضلع خیبر اور پشاور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 25 کلو 700 گرام منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں تھانہ ایکسائز خیبر کی ٹیم نے ایس ایچ او علی جان خان کی قیادت میں خفیہ اطلاع پر شاہ کس روڈ پر کارروائی عمل میں لائی جس کےدوران بلا نمبر لوڈر رکشہ کو روک کر تلاشی لی گئی، جس سے 20 ہزار 900 گرام چرس برآمد ہوئی، ٹیم نے موقع پر محمد اللہ ولد علی امین، ساکن باڑہ ضلع خیبر کو گرفتار کرلیا۔دوسری کارروائی کے دوران تھانہ ایکسائز پشاور کی ٹیم نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موٹرسائیکل سوار ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تلاشی ملزم کے قبضے سے 4 ہزار 800 گرام چرس اور ایک ہزار 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم کی شناخت خان داد ولد لعل محمد کے نام سے ہوئی، جو اس وقت کارخانو پشاور میں مقیم جبکہ مستقل طور پر افغانستان کا رہائشی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کیساتھ جارہی رہیں گی ۔