پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمٰن نے محکمہ صحت کے حکام کو سروائیکل کینسر سے متعلق وسیع پیمانے پر آگاہی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مرض کو بچیوں اور خواتین کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں نومبر کے دوران ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں آگاہی کو زیادہ ترجیح دی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے سروائیکل کینسر کی روک تھام کے حوالے سے صوبائی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں اور بین الاقوامی معاون اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔کمیٹی نے نومبر میں شروع ہونے والی مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جس کا مقصد ویکسینیشن کے ذریعے بچیوں کو اس مرض سے محفوظ بنانا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر نہایت اہم ہیں، خصوصاً کینسر جیسے امراض میں، خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وقت پر حفاظتی تدابیر اپنا کر پیچیدہ بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔