کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کرلیں۔ پولیس نے 10 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے، 18 بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلیں بند جبکہ 14 موٹر سائیکل سواروں سےچادر اتار دیے۔ پولیس کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کی ہدایت پر تھانہ عبدالخالق شہید کے عملے نے مفرور ملزم احمد شاہ اور کینٹ پولیس نے معیز کو گرفتار کیا۔ تھانہ ہنہ پولیس نے اسنیچر محمد سلیم سے پستول برآمد کیا، جبکہ تھانہ پشتون آباد کے ایس ایچ او فضل خلجی نے چیکنگ کے دوران ملزم ہاشم سے ایک کلو 10 گرام چرس برآمد کی۔ شہید ڈی ایس پی جمیل کاکڑ تھانے کے عملے نے گاڑی سوار کالا خان سے غیر قانونی پستول اور کارتوس برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔