کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات تالعمند خان نے خیبرپشتونخو ا میں ایمرجنسی کے اعلان اور گورنر راج کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے اسے وفاقی پارلیمانی جمہوریت کی روح کے منافی اقدام قرار دیا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس مبینہ غیرجمہوری اقدام کا مقصد محض انتظامی اختیارات کی تبدیلی نہیں بلکہ صوبے کی منتخب سیاسی قیادت کو بے اختیار کرکے عوام کے سیاسی فیصلے کو غیر مؤثر بنانا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادیوں کو سمجھنا چاہیئے کہ جمہوری اصولوں سے انحراف اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ان کی اپنی سیاسی ساکھ اور مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی خیبر پشتونخوا سمیت ملک میں دہشت گردی کے مسئلے کو منتخب حکومتوں کو کمزور کرنے اور جمہوری قوتوں کو دبانے کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا اس سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوگا بلکہ سیاسی بے چینی، وفاقی بحران اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے مزید بڑھیں گے انہوں نے تمام جمہوری سیاسی جماعتوں، پارلیمانی قوتوں، وکلا، صحافیوں، سول سوسائٹی اور جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھائیں۔