کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کے لائنوں سے تاریں (کنڈکٹرز) اور دیگر برقی آلات چوری کرنے کے واقعات میں اضافہ بجلی کی فراہمی متاثر ہو نے کے ساتھ ساتھ کیسکو کو بھاری مالی نقصان کا بھی سامنا ۔ترجمان کیسکو کے مطابق گزشتہ روز سبی کے علاقے بھاگ میں نامعلوم چوروں نے 33 کے وی گنداوہ فیڈر کے 24 کھمبوں سے کنڈکٹرز (بجلی کی تاریں) چوری کر لیں اس دوران تین پی سی سی PCC کھمبوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں 33kV گنداوہ فیڈر سے منسلک گنداوہ شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان کے مطابق بھاگ کے علاقے میں 33kVگنداوہ فیڈر پر کنڈکٹرز چوری ہونے کے بعد ابتدائی سروے و رپورٹ اور نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا جسکے بعد متاثرہ بھاگ کے علاقہ میں 33kVلائن سے بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ کیسکو لہڑی سب ڈویژن کی جانب سے واقعہ میں ملوث چوروں کے خلاف قانونی کارروائی و ایف آئی آر کے اندراج کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری درخواست جمع کرا دی جائے گی تاکہ واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔کیسکو نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی اثاثوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔