لاہور (خصوصی رپورٹر)گورنر سندھ نہال ہاشمی کی صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی رہائش گاہ آمد، صوبائی وزیر نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی استحکام اور جمہوری عمل کے تسلسل کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو عالمی ایوارڈ ملنے پر صوبائی وزیر بلال یاسین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ سیاسی معاملات میں ڈیڈ لاک نہیں ہونا چاہیے۔ ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری عمل کا تسلسل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور دفاع ہمارا مشترکہ مشن ہے، ذاتی مفادات اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے ملک کو نقصان پہنچے گا ۔