لاہور(جنرل رپورٹر)امیر الدین میڈیکل کالج کے طلباء کی فلاحی تنظیم“ہیومینیٹی سٹل ایگزسٹس ”(HSE) نے باہمی کنٹری بیو شن سے لاہور جنرل ہسپتال کے مریضوں کی سہولت کیلئے 15 ویل چیئرز عطیہ کر دیں۔اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے طلبہ کے فلاحی جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور سماجی بہبود کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل کالجز میں فلاحی سوسائٹیوں کا متحرک کردار نہ صرف طلبہ میں دکھی انسانیت کا درد پیدا کرتا ہے بلکہ ان میں ایک بااخلاق اور پراعتماد معالج بننے کی روح بھی پھونکتا ہے انہوں نے طلبہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے سوسائٹی کی معاونت کے لیے 25 ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان بھی کیاتاکہ سٹوڈنٹس فلاحی سرگرمیاں احسن طریقے سے جاری رکھ سکیں۔ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پیتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر نازش ثقلین سمیت سوسائٹی کے ممبران ڈاکٹر دانش، ڈاکٹر سمیع ملک، ڈاکٹر ایمن اور ڈاکٹر خولہ و دیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے