لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل امتیاز حسین کی والدہ کی مالی امداد سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ ریٹائرڈ انسپکٹر فلک شیر کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔اسی طرح سب انسپکٹر طارق محمود کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو ضروری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ سکیورٹی کانسٹیبل فواد مشتاق کی طبی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری کی گئیں۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، انتظامی امور، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کے حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔