لاہور (خصوصی رپورٹر) طلبہ کے ذہنی و جسمانی صحت اور بہتر نشوونما کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا شاندار اقدام... تعلیمی اداروں کی کینٹینوں،کیفے میں خوراک کے معیار سے متعلق ضوابط میں ترمیم کردی گئی. قانون کے مطابق کاربونیٹڈ مشروبات، انرجی ڈرنکس، مصنوعی مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے چائنہ نمک سے تیار مصنوعات، کاٹن کینڈی، گولا گنڈا، آئس لولیز، تمباکو اور ویپس بھی ممنوعہ قرار دے دیے گئے. جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صحت بخش خوراک کے فروغ اور کم غذائیت والی اشیا کی حوصلہ شکنی کے لیے ضوابط مرتب کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں خوراک کے معیار سے متعلق ترمیم شدہ ضوابط پنجاب گزٹ میں شائع کردیا گیا. ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں فوڈ سیفٹی ضوابط کا اطلاق ہوگا، تعلیمی اداروں کے گرد 100 میٹر کے دائرے میں فوڈ بزنسز کوقوانین پر عمل درآمد لازم ہو گا۔