کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ دوستین دشتی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی اصلاحات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ شہر میں منظم آمدورفت کے لیے ٹریفک سگنلز کو فعال کردیا گیا ہے ،ٹریفک نظام کو سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ مکمل طور پر منسلک کردیا گیا ہے کوئٹہ پراجیکٹ کے تحت ٹریفک پولیس کے تمام تر امور کی ڈیجیٹلائزیشن پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں میں ڈرائیونگ لائسنس تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری ایوب ترین ، آئی جی پولیس بلوچستان کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن شہزادہ فرحت جان احمد زئی و موجود تھے ۔ ایس ایس پی ٹریفک دوستین دشتی نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہے ، صحافی ٹریفک پولیس کی خامیوں اور غلطیوں کی نشاندہی کریں ۔انہوںنے کہا کہ ٹریفک پولیس میں افرادی قوت کی کمی دور کرنے کے لئے 40 اہلکار جدید موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیںجبکہ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس میں اہلکاروں کی کمی دور کرنے کے لئے ائی جی پولیس کی ہدایت پر خالی اسامیوں پر جلد میرٹ پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور بدنظمی سے نمٹنے کے لیے 100 سے زائد تربیت یافتہ رضا کار ٹریفک پولیس کے شانہ بشانہ فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ ٹریفک حادثات سے بچاو اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائی جارہی ہے ۔